چنڈی گڑھ،19دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )چنڈی گڑھ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)نے ایک تعلیمی ادارے کے مالک کے احاطے میں چھاپہ مار کر 50لاکھ روپے نقد ضبط کیا ہے، جس میں 46.80لاکھ روپے نئے نوٹ میں ہیں۔شہر میں اس طرح کی یہ تیسری مہم ہے۔ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے بتایا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر ان کے حکام نے یہاں کے سوامی دیوی دیال گروپ آف انسٹی ٹیوٹ کے مالک کے احاطے میں کل رات چھاپہ مارا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ضبط رقم میں 46.80لاکھ روپے 2000روپے کے نئے نوٹ ہیں۔حکام نے بتایا کہ ادارے کے مالک کا دعوی تھا کہ ضبط رقم طالب علموں کی طرف سے جمع کرائی گئی فیس کا حصہ تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس دعوے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔بہر حال ڈائریکٹوریٹ نے آگے جانچ کے لیے معاملہ محکمہ انکم ٹیکس کو بھیج دیا ہے۔چنڈی گڑھ میں اپنی پہلی مہم کے تحت ای ڈی نے 14دسمبر کو کپڑے کے ایک تاجرکے گھر سے 2000روپے کے نوٹ میں 17.74لاکھ روپے سمیت 2.19کروڑ روپے ضبط کئے تھے۔ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے 16دسمبر کو اپنی دوسری مہم کے تحت یہاں ایک درزی کے پاس سے 18لاکھ روپے کی نئی کرنسی کے ساتھ 30لاکھ روپے نقد برآمد کیا تھا، ساتھ ہی ڈھائی کلو گرام سونا بھی ضبط کیا تھا۔